جوڈیشل کمیشن نے چاروں ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹسز کی تقرری کی منظوری دے دی

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

اسلام آباد میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی چاروں ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹسز کی تقرری کی منظوری دی گئی۔

 

ذرائع کے مطابق، جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ سینارٹی لسٹ میں سرفہرست تھے اور جوڈیشل کمیشن نے ان کے نام کی باضابطہ منظوری دے دی۔

 

اسی طرح پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ ان کا نام جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی کے ساتھ زیر غور آیا تھا، تاہم اتفاق رائے سے ان کا تقرر طے پایا۔

 

بلوچستان ہائیکورٹ میں جسٹس روزی خان بڑیچ کو چیف جسٹس مقرر کیا گیا۔ ان کے نام پر غور کے دوران جسٹس محمد کامران خان اور جسٹس اقبال احمد کاسی کے نام بھی زیرِ بحث آئے، مگر بالآخر جسٹس روزی خان کو نامزد کر دیا گیا۔

 

سندھ ہائیکورٹ کے لیے جسٹس محمد جنید غفار کو مستقل چیف جسٹس بنانے کی منظوری دی گئی، جبکہ دیگر زیرِ غور ناموں میں جسٹس ظفر راجپوت اور جسٹس اقبال کلہوڑو شامل تھے۔

 

اجلاس میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل کے نمائندے، حکومت و اپوزیشن کے اراکین سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 

یہ تعیناتیاں جوڈیشل کمیشن کے 16 میں سے کم از کم 9 ممبران کی اکثریتی منظوری سے کی گئی ہیں، جو آئین کے تحت لازم ہے۔ ان تقرریوں سے چاروں صوبوں اور وفاق کی اعلیٰ عدلیہ میں مستقل قیادت کا تعین ممکن ہوا ہے۔