حکومت کا قرضوں کا بوجھ 2028 تک جی ڈی پی کے 61.5 فیصد تک لانے کا ہدف

کاروبار - 19 اگست 2025
حکومت نے مڈٹرم ڈیٹ اسٹریٹجی رپورٹ 2026-28 میں قرضوں کے بوجھ میں کمی کے لیے جامع منصوبہ جاری کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2028 تک قرضوں کا حجم جی ڈی پی کے 61.5 فیصد تک لایا جائے گا، جبکہ سود کی ادائیگیوں کا بوجھ موجودہ 6.3 فیصد سے کم کر کے 4.9 فیصد تک محدود کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونی قرضوں کا حجم جی ڈی پی کے 17.9 فیصد تک لایا جائے گا اور مقامی قرضوں کے میچورٹی ٹائم کو اوسطاً 4.6 سال تک بڑھایا جائے گا۔ اسی طرح مالی خسارہ 2028 تک کم ہو کر 3.9 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ جی ڈی پی گروتھ آئندہ تین برسوں میں بتدریج بڑھ کر 5.7 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک قرضوں کی شرح جی ڈی پی کا 66 فیصد، آئندہ مالی سال 64 فیصد اور 2028 تک 61.5 فیصد تک کم ہو جائے گی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شریعہ کمپلائٹ قرضوں کا کوٹہ 13 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کر دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ حکمت عملی آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق تیار کی گئی ہے اور اس پر عملدرآمد کا آغاز رواں مالی سال سے ہی کر دیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ اقتصادی جائزہ مذاکرات کے دوران اس حوالے سے پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے گی۔