اداکار سید جبران کا انکشاف: اڈیالہ جیل میں شوٹنگ کے دوران پھانسی سے بال بال بچ گیا

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 19 اگست 2025

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار سید جبران نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں شوٹنگ کے دوران پھانسی سے بال بال بچے۔

 

جیو ٹی وی کے پروگرام ہسنا منع ہے میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ ایک ڈرامے کے سین میں انہیں پھانسی کے تختے پر کھڑا کیا گیا، چہرے پر نقاب تھا اور لیور کھینچنے کا عمل ریکارڈ ہونا تھا۔ اچانک لیور پھنس گیا اور سین روکنا پڑا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈائریکٹر نے سین دوبارہ کرنے کا کہا اور وہ تختے سے نیچے اترے، اچانک لیور دوبارہ کھنچ گیا اور تختہ کھل گیا۔ اگر وہ اس وقت وہاں موجود رہتے تو جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے۔

 

سید جبران کے مطابق یہ لمحہ زندگی اور موت کے بیچ ایک ان دیکھے فاصلے کا احساس تھا۔ واقعے کے بعد پوری ٹیم سکتے میں آگئی اور سب نے انہیں فوری طور پر صدقہ دینے کا مشورہ دیا۔ اداکار نے کہا کہ یہ تجربہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ زندگی لمحوں میں بدل سکتی ہے۔