عادی عدیل کا انکشاف: حمیرا اصغر کو کبھی قبول نہیں کیا گیا، وہ ہمیشہ اپنے لیے لڑتی رہیں

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 19 اگست 2025

معروف اداکار اور میزبان عادی عدیل نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں ریئلٹی شو تماشہ کے تجربات پر بات کرتے ہوئے مرحومہ اداکارہ حمیرا اصغر کے حوالے سے اہم گفتگو کی۔

 

عادی عدیل کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر شو کے پہلے سیزن میں ان کی ساتھی تھیں اور ان کا رویہ اکثر جارحانہ ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ "میرے خیال میں لوگوں نے کبھی انہیں دل سے قبول نہیں کیا، وہ ہمیشہ اپنے لیے لڑتی رہتی تھیں۔ جیسے اسکول میں ایک ایسا بچہ ہوتا ہے جسے سب نظر انداز کرتے ہیں اور اگر وہ غلطی کرے تو سب اس پر چڑھ دوڑتے ہیں۔ شو میں بھی ان کے ساتھ ایسا ہی ہوتا تھا۔"

 

انہوں نے مزید کہا کہ حمیرا کو اپنی جگہ بنانے کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی تھی، لیکن لوگ انہیں پوری طرح تسلیم نہیں کر پائے۔

 

عادی کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے، کچھ افراد نے اسے حقیقت قرار دیا جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ مرحومہ کے بارے میں اس طرح بات کرنا مناسب نہیں۔

 

واضح رہے کہ عادی عدیل تماشہ کے پہلے سیزن کے فائنلسٹ رہ چکے ہیں اور اس وقت مختلف اے آر وائی شوز کا حصہ ہیں۔