دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند، کئی مقامات پر بند ٹوٹنے سے تباہی

news-banner

پاکستان - 19 اگست 2025

حالیہ بارشوں کے بعد دریائے ستلج میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے جس کے باعث بہاولنگر، عارف والا اور قصور کے کئی دیہات سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

 

بہاولنگر کے علاقے بھوکاں پتن میں موضع توگیرہ شریف کے قریب بند ٹوٹنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ مومیکا روڈ بہہ گئی اور متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ کھڑی فصلیں تباہ اور کئی آبادیاں زیر آب آ چکی ہیں۔

 

ریسکیو ذرائع کے مطابق دریائی پٹی کے مکینوں کی نقل مکانی جاری ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کر رہی ہیں۔

 

عارف والا کے قریب بھی صورتحال سنگین ہو گئی ہے جہاں مقامی زمینداروں کے حفاظتی بند ٹوٹنے لگے ہیں، جس سے مزید علاقے زیر آب آ گئے اور کھڑی فصلیں بڑے پیمانے پر تباہ ہوئیں۔

 

قصور میں نچلے درجے کے سیلاب نے بھکی ونڈ، چندا سنگھ والا، کالو واڑا اور حاکو والا سمیت کئی دیہات متاثر کر دیے ہیں۔ سیلابی پانی کھیتوں، گھروں اور کھلیانوں میں داخل ہو چکا ہے، جس سے مکئی، جوار اور دھان جیسی فصلیں برباد ہو رہی ہیں۔

 

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے سیلاب متاثرین کے انخلا اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔