حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے 670 اموات، 25 ہزار افراد ریسکیو، این ڈی ایم اے، آئی ایس پی آر اور وزیر اطلاعات کی بریفنگ

news-banner

پاکستان - 19 اگست 2025

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے مشترکہ میڈیا بریفنگ میں مون سون بارشوں، سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ کے نقصانات اور امدادی کارروائیوں کی تفصیلات بتائیں۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کے دو انجینئر بٹالین خیبرپختونخوا میں تعینات ہیں، جبکہ گلگت بلتستان اور کے پی میں تین میڈیکل یونٹس کام کر رہی ہیں۔ اب تک 6 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کو میڈیکل کیمپس میں علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔

 

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب میں 670 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ سیلاب میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرگرم ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میں مشترکہ کاوشوں کے ذریعے 25 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ گلگت میں کلاؤڈ برسٹ سے سب سے زیادہ تباہی ہوئی، جبکہ شمالی علاقوں اور خیبرپختونخوا میں انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

 

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پہلے دن سے صوبوں اور متعلقہ اداروں کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں اور متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔