وزیراعظم شہباز شریف کا انسانیت کے عالمی دن پر پیغام

news-banner

پاکستان - 19 اگست 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانیت کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ عالم کے شانہ بشانہ انسانیت، انسانی اقدار اور اخلاقیات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کا دن "عالمی جذبہ خیر سگالی اور مقامی کمیونٹی کی افادیت اور مضبوطی" کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو خدمتِ انسانیت کے عزم نو اور تجدیدِ عہد کا موقع ہے۔

وزیراعظم نے قدرتی آفات اور حادثات میں امداد فراہم کرنے والے رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے لوث خدمت پاکستان کی سماجی و معاشرتی اقدار کا سرمایہ ہے۔ خواتین، بزرگوں اور بچوں کی خصوصی حفاظت ہمارے معاشرے کا فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ موسمی شدت اور آفات میں حکومت اور عوام نے مل کر متاثرین کی مدد کی، جبکہ پاکستانی عوام ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔ پاکستان دنیا میں عطیات دینے والے صفِ اول کے ممالک میں شمار ہوتا ہے اور اسی ایثار کے جذبے سے کوئی غریب بھوکا نہیں رہتا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شہریوں کے حقوق اور معیارِ زندگی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ رضاکاروں کی حوصلہ افزائی اور حفاظت کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی۔