انسانیت سب سے بڑی نسبت ہے، خدمتِ خلق عبادت کے مترادف ہے: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

news-banner

پاکستان - 19 اگست 2025

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانیت ایک عظیم نسبت ہے جو تمام رشتوں اور سرحدوں سے بالاتر ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ دوسروں کے لیے آسانیاں اور راحت پیدا کرنا دراصل خدمتِ انسانیت ہے، اور یہ جذبہ رنگ، نسل، مذہب اور تعصب کی تمام حدوں کو توڑ دیتا ہے۔

 

مریم نواز نے زور دیا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیشِ نظر خدمتِ انسانیت کی اہمیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے شہداء کی قربانیاں اور کشمیری عوام کی فریاد ہر حساس دل کو جھنجھوڑ رہی ہے۔

 

وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انسان سے ہمدردی سب سے بڑی خدمت اور عبادت ہے، پنجاب حکومت کا ہر منصوبہ اور اقدام عوام کی بھلائی اور انسانی ہمدردی کے جذبے پر مبنی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہمیں ایسی دنیا کی تعمیر کرنا ہوگی جہاں امن، محبت اور انسانیت کو فروغ ملے۔