آئی ایم ایف کا گیس گردشی قرض ختم کرنے کا دباؤ

news-banner

کاروبار - 19 اگست 2025

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے 2600 ارب روپے کے گیس گردشی قرض کے خاتمے کیلئے واضح پلان کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر گیس کمپنیوں کے ریٹ آف ریٹرن کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اوگرا نے یہ اسٹڈی ایک نجی کمپنی کو سونپ دی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ گردشی قرض ختم کرنے کے لیے 5 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد کی جائے اور تیل و گیس کی سرکاری کمپنیوں کے منافع کو قرض ادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے۔ مزید برآں، واجبات کی ادائیگی میں تاخیر پر جرمانہ اور سود ختم کرنے کی سفارش بھی سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گردشی قرض اور ایل این جی کے مسائل کے باعث گزشتہ مالی سال میں ملکی تیل و گیس کی پیداوار میں 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اور یومیہ گیس پیداوار 2.88 ارب مکعب فٹ رہی جو اس سے قبل 3 سے 3.5 ارب مکعب فٹ یومیہ تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایل این جی کارگوز کو موخر کرنے سے حاصل ہونے والی بچت کو بھی قرض ادائیگی کے لیے استعمال کرنے کی تجویز ہے، جبکہ ستمبر میں آئی ایم ایف مشن کے ساتھ مذاکرات میں پلان کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔