اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی
پاکستان - 19 اگست 2025
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی ریلوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کریں گے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ متاثرین کی بحالی اور امداد قومی فریضہ ہے اور پوری قوم کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ مشکل گھڑی میں بھائی چارے اور ایثار کی مثال قائم کرتی ہے، آج بھی سیلاب متاثرین ہماری اجتماعی توجہ اور عملی مدد کے منتظر ہیں۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ بونیر میں خاندان اجڑ گئے ہیں اور ان کے دکھ کا مداوا ممکن نہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
دیکھیں






