این ایچ اے کی فوری کارروائی، بی بی نانی پل پر ٹریفک بحال

news-banner

پاکستان - 19 اگست 2025

وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی ملک بھر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران متحرک ہے۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق دریائے بولان میں طغیانی کے باعث سبی کے قریب بی بی نانی پل کو نقصان پہنچا جس کے باعث گزشتہ رات این۔65 سڑک پر ٹریفک معطل ہوگئی تھی۔

این ایچ اے کی ٹیموں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پل کے مقام پر یکطرفہ ٹریفک بحال کر دی ہے اور اب قومی شاہراہ این۔65 ٹریفک کے لیے کھل گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بالائی علاقوں میں بھی این ایچ اے کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بٹی قادر نگر روڈ کا پہلا سیکشن ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جس سے متاثرہ علاقوں تک رسائی آسان ہوگئی ہے۔

ہیڈکوارٹرز میں قائم کنٹرول روم سے تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ چیئرمین این ایچ اے امدادی کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔