کراچی میں موسلا دھار بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں، کئی علاقوں میں بجلی معطل
پاکستان - 19 اگست 2025
کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے نظامِ زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ دو گھنٹے سے زائد وقت تک موسلا دھار بارش کے باعث مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا جبکہ قائد آباد اور گلشن حدید فیز ون کے گھروں میں بھی پانی داخل ہو گیا۔
شارع فیصل، ایئرپورٹ، ماڈل کالونی، لانڈھی، آئی آئی چندریگر روڈ، ڈیفنس، گلستان جوہر، ناظم آباد، گلشن اقبال، لیاقت آباد، صدر اور نارتھ کراچی سمیت متعدد علاقوں میں بارش کے بعد سڑکیں زیر آب ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق شہر کے اوپر مزید بادل بن رہے ہیں اور اگلے ایک سے دو گھنٹے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ ان کے مطابق کلفٹن میں بارش کی شرح 60 ملی میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ صبح سے اب تک وہاں 70 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔
بارش کے نتیجے میں لیاری، کھارادر، گارڈن، کورنگی، لانڈھی، سرجانی، نیو کراچی، کیماڑی، ماڑی پور، سائٹ ایریا اور نمائش سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
جواد میمن نے پیش گوئی کی ہے کہ یہ بارشوں کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے، جس دوران شہر میں 2 سے 3 اسپیل آسکتے ہیں۔ ان اسپیلز میں بیشتر مقامات پر 40 سے 50 ملی میٹر جبکہ چند مقامات پر 70 سے 100 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے۔
دیکھیں






