اسلام آباد میں آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمٹ 2025 کا شاندار انعقاد

news-banner

کاروبار - 19 اگست 2025

اسلام آباد میں آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمٹ 2025 کا شاندار انعقاد ہوا جس کا اہتمام پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز (پاپام) نے کیا۔ سمٹ کا موضوع تھا “ایکسِلینس اِن انجینئرنگ”۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان تھے جبکہ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان نے بھی شرکت کی۔

ہارون اختر خان نے آٹو پارٹس نمائش کا افتتاح کیا جس میں ملک بھر کے آٹو پارٹس ساز اداروں نے بھرپور نمائندگی کی۔ پاکستانی آٹو پارٹس کی عالمی معیار کے مطابق نمائش نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

سمٹ میں سیمینارز کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں صنعت سے وابستہ ماہرین، حکومتی نمائندوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ ماہرین نے انجینئرنگ انڈسٹری کی ترقی، مستقبل کے اہداف، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی منڈیوں تک رسائی پر تفصیلی گفتگو کی۔

تقریب کے دوران ہارون اختر خان نے پاکستان میں آٹو پارٹس انڈسٹری کی حالت پر ایک جامع کتاب کی رونمائی بھی کی۔