ڈی جی پی ڈی ایم اے کا سیف سٹی اتھارٹی راولپنڈی کا دورہ، نالہ لئی کی براہ راست مانیٹرنگ کا آغاز

news-banner

پاکستان - 19 اگست 2025

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے سیف سٹی اتھارٹی راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں پوٹھوہار ریجن میں نالہ لئی اور حساس مقامات کی براہ راست مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔

سیف سٹی حکام نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کل 9 مقامات بالخصوص گنج منڈی پر براہ راست مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اس نظام کے ذریعے پانی کے بہاؤ میں اضافے کو بروقت مانیٹر کیا جا سکے گا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ نالہ لئی اور دیگر مقامات پر قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔ بعد ازاں انہوں نے نالہ لئی کا بھی دورہ کیا اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق نالہ لئی کے اطراف جدید الارم سسٹم فعال کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت خبردار کیا جا سکے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔