چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر زور

پاکستان - 19 اگست 2025
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چیئرمین سینیٹ اور ایتھوپین سفیر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، اب انہیں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع میں بدلنا ہوگا۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے قیام اور کراچی تا عدیس ابابا براہ راست پروازوں کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا ہمیشہ عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ پاکستان-ایتھوپیا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ فعال ہے، عوامی اور پارلیمانی وفود کے تبادلے مزید بڑھنے چاہئیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا چاول، طبی آلات، دواسازی مصنوعات اور فٹ بال ایتھوپیا کو برآمد ہوسکتے ہیں۔ مزید برآں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت تعاون کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے، جس کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ایتھوپیا کے “گرین ڈائیلاگ پروگرام” کو بھی سراہا۔