محکمہ موسمیات کی وارننگ: سندھ، بلوچستان اور دیگر حصوں میں 22 اگست تک شدید بارشوں کا امکان، شہری محتاط رہیں

تازہ ترین - 20 اگست 2025
محکمہ موسمیات نے 22 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں طاقتور مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والا شدید بارشوں کا سلسلہ خاص طور پر سندھ اور بلوچستان کے جنوبی و وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
سندھ کے کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان اور جامشورو سمیت کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے جبکہ سکھر، لاڑکانہ، خیرپور اور جیکب آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔
بلوچستان کے بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر اور پنجگور میں بارش، تیز ہواؤں اور آندھی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے نشیبی علاقے خصوصاً کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھرپارکر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ بلوچستان کے کئی حصوں میں ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو سکتی ہے۔
اسی دوران اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کچے مکانات اور کمزور ڈھانچوں کے قریب نہ جائیں اور تازہ ترین موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔