کراچی میں موسلادھار بارش سے شہری زندگی مفلوج، بجلی غائب اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر

کھیل - 20 اگست 2025
گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش نے کراچی کا نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔ وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہیں زیرِ آب آگئیں اور اربن فلڈنگ نے سڑکوں کو ندی نالوں میں بدل دیا۔
شدید بارش کے نتیجے میں ٹریفک جام ہو گیا اور شہری کئی گھنٹوں تک پانی میں پھنسے رہے، جب کہ مختلف علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
900 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث شہر کے بیشتر علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے اور بعض مقامات پر 16 گھنٹے سے بجلی غائب رہی، جس کے باعث گرمی اور حبس نے شہریوں کو مزید اذیت میں مبتلا کر دیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی سوشل میڈیا پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ "بجلی بحال کر دیں، 10 گھنٹے گزر گئے، اب تو یو پی ایس بھی بند ہو گیا ہے۔"
شہریوں نے حکومت اور اداروں سے فوری نکاسیِ آب اور بجلی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور سندھ کے مختلف اضلاع میں 23 اگست تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔