بھارت روسی تیل سے منافع کما رہا ہے، ناقابل قبول عمل ہے: امریکی وزیر خزانہ

دنیا - 20 اگست 2025
امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ بھارت یوکرین جنگ کے دوران روسی تیل کی درآمد میں غیر معمولی اضافہ کر کے محض منافع خوری میں مصروف ہے، جو کسی طور قابل قبول نہیں۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ روسی تیل اب بھارت کی کل درآمدات کا 42 فیصد ہے، جبکہ جنگ سے قبل یہ شرح ایک فیصد سے بھی کم تھی۔
اسکاٹ بیسنٹ نے مزید کہا کہ بھارت سستا روسی تیل خرید کر اسے ریفائنڈ پروڈکٹس کی شکل میں دوبارہ فروخت کر رہا ہے، اور یہ رجحان جنگ شروع ہونے کے بعد سے نمایاں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اگرچہ عرصے سے روسی تیل خرید رہا ہے لیکن اس نے اس قسم کی ’آربٹریج‘ سرگرمی اختیار نہیں کی جو بھارت نے کی ہے۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ یوکرین کو کسی نہ کسی صورت میں سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، تاہم اس کی نیٹو میں شمولیت ممکن نہیں۔