ملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ، تربیلا 99 فیصد بھر گیا

پاکستان - 20 اگست 2025
واپڈا کے مطابق ملک کے بڑے ڈیمز اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ تربیلا ڈیم 99 فیصد تک بھر چکا ہے اور اس کی موجودہ سطح 1549.00 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
منگلا ڈیم 74 فیصد بھر چکا ہے، جہاں پانی کی سطح 1216.55 فٹ ہے۔ راول ڈیم میں 1749.40 فٹ اور خانپور ڈیم میں پانی کا لیول 1978.10 فٹ ریکارڈ کیا گیا۔
دریاؤں کی صورتحال کے مطابق دریائے سندھ میں چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے، جبکہ تربیلا، کالا باغ اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
دریائے کابل میں نوشہرہ اور ملحقہ نالوں کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور بید سلیمانکی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے جہلم اور اس سے منسلک نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔
اسی طرح دریائے چناب کے اہم مقامات پر بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم نالہ ایکانور اور پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ دریائے راوی کا بہاؤ عمومی ہے لیکن نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
واپڈا کے مطابق ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے برساتی نالوں میں بہاؤ نہیں ہے، صرف نالہ کاہا میں پانی کی روانی معمول کے مطابق ہے۔