اداکارہ انیتا اڈوانی کا انکشاف: ’’میں نے راجیش کھنہ سے خفیہ شادی کی تھی‘‘

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 20 اگست 2025

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار راجیش کھنہ کی ذاتی زندگی کے کئی پہلو آج بھی مداحوں کے لیے پراسرار ہیں۔ اداکارہ انیتا اڈوانی نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے راجیش کھنہ سے خفیہ طور پر شادی کی تھی۔

 

انیتا کے مطابق ایک رات راجیش کھنہ نے گھر کے مندر میں انہیں سندور لگایا، منگل سوتر پہنایا اور چوڑیاں پہنا کر کہا: ’’آج سے تم میری ذمہ داری ہو‘‘— اور یوں دونوں کی شادی ہو گئی۔

 

انیتا نے بتایا کہ شادی کو خفیہ رکھنے کی وجہ فلم انڈسٹری کا رجحان تھا، جہاں اکثر لوگ اپنی نجی زندگی کو عوامی سطح پر ظاہر نہیں کرتے۔ ان کے بقول میڈیا میں پہلے ہی ان کے اور راجیش کھنہ کے تعلق کی خبریں موجود تھیں، اس لیے باضابطہ اعلان ضروری نہیں سمجھا گیا۔

 

انیتا نے دعویٰ کیا کہ وہ دِمپل کپاڈیا سے پہلے راجیش کھنہ کی زندگی میں آئی تھیں، مگر کم عمری کی وجہ سے شادی نہ ہو سکی۔ یاد رہے کہ راجیش کھنہ نے 1973 میں 16 سالہ دِمپل کپاڈیا سے شادی کی تھی، جن سے ان کی دو بیٹیاں — ٹوئنکل اور رِنکے کھنہ — پیدا ہوئیں۔ یہ جوڑا 1982 میں الگ ہو گیا، تاہم قانونی طور پر کبھی طلاق نہیں ہوئی۔

 

انیتا کا کہنا ہے کہ وہ آٹھ برس تک راجیش کھنہ کے ساتھ ’’لِو اِن ریلیشن شپ‘‘ میں رہیں۔ اداکار 2011 میں کینسر میں مبتلا ہوئے اور جولائی 2012 میں انتقال کر گئے۔ انیتا نے شکوہ کیا کہ راجیش کھنہ کے اہل خانہ نے انہیں آخری رسومات میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

 

انیتا اڈوانی نے فلمی کیریئر کا آغاز 1978 میں فلم شالیمار سے کیا، جس میں دھرمیندر اور زینت امان نے مرکزی کردار نبھائے۔ بعد ازاں وہ داسی، چورنی، آؤ پیار کریں اور سازش جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں، جب کہ 2013 میں وہ رئیلٹی شو بگ باس 7 کا بھی حصہ رہیں۔