ایران کا اسرائیل پر سب سے بڑا میزائل حملہ: اسرائیل لرز گیا، فوجی تنصیبات اور اسٹاک ایکسچینج تباہ

news-banner

دنیا - 19 جون 2025

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ارنا' نے دعویٰ کیا ہے کہ بئر سبع کے ٹیکنالوجی پارک میں موجود اسرائیلی فوجی کمانڈ اور انٹیلیجنس مرکز اس حملے کا اصل ہدف تھا، جو سوروکا میڈیکل سینٹر کے قریب واقع ہے۔ ارنا کے مطابق اسپتال کو نشانہ نہیں بنایا گیا، تاہم دھماکے کی شدت سے پیدا ہونے والی لہر کے باعث اسپتال کو جزوی نقصان پہنچا۔

 

الجزیرہ کے مطابق، حملے کے نتیجے میں سوروکا اسپتال متاثر ہوا، جب کہ تل ابیب میں اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اقتصادی مرکز کو پہنچنے والا نقصان اسرائیلی معیشت پر فوری اثرات ڈال سکتا ہے۔

 

حملے میں مجموعی طور پر کم از کم 30 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے، اور ایران نے اس کارروائی کو دفاعی اقدام قرار دیا ہے۔

 

ایرانی حکام کے مطابق، یہ حملہ اسرائیلی انٹیلیجنس نیٹ ورک کی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے لیے کیا گیا، خاص طور پر ان حساس مراکز کو نشانہ بنایا گیا جو ایران کے بقول خطے میں عدم استحکام کی سرگرمیوں کا مرکز ہیں۔

 

تل ابیب اور دیگر علاقوں سے بھی شدید دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جب کہ سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ادارے ہنگامی بنیادوں پر صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔