محکمہ موسمیات نے کل سے 23 جون تک مُلک کے مختلف شہروں میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی

موسم - 19 جون 2025
20 سے 23 جون کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور پشاور سمیت درجنوں اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
21 سے 23 جون کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال میں بھی بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ 22 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد کے علاقوں میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد سمیت بالائی و وسطی علاقوں میں تیز بارش، جھکڑ اور گرج چمک کے باعث بجلی کی تاریں، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ان بارشوں سے موجودہ شدید گرمی میں نمایاں کمی کا بھی امکان ہے۔