ایرانی میزائلوں نے دنیا کے باوقار لوگوں کو خوش کر دیا، ایرانی سپریم لیڈر

دنیا - 20 جون 2025
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں اسرائیل کے فضائی حملوں، غزہ میں ہونے والے مظالم اور ان کے جواب میں ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل حملوں کے مناظر شامل کیے گئے ہیں۔ ویڈیو میں ان حملوں کے بعد لوگوں کی خوشی اور جشن منانے کی فوٹیج بھی دکھائی گئی ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا: "وہ میزائل، جو دنیا کے باوقار انسانوں کے لیے خوشی کا باعث بنے۔"
اس ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح مختلف ممالک میں عوام نے اسرائیل کے خلاف ایران کے ردعمل کی حمایت کی۔
یہ پیغام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور دونوں ممالک عسکری محاذ پر آمنے سامنے کھڑے ہیں۔ ایران کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسرائیل پر اس کے میزائل حملے محض دفاعی ردعمل ہیں، تاہم عالمی سطح پر ان کارروائیوں پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
اس سے قبل آیت اللہ خامنہ ای نے ایک اور بیان میں اسرائیل کو امریکا سے مدد مانگنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اور کہا تھا کہ یہ رویہ دراصل اسرائیلی کمزوری کی علامت ہے۔
اپنے ایکس پیغام میں خامنہ ای کا کہنا تھا: "اگر دشمن کو یہ لگا کہ ایرانی قوم خوفزدہ ہے، تو وہ اسے کبھی نہیں چھوڑے گا۔"
ایرانی قیادت کے ان بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ موجودہ صورتحال میں تہران اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے، اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن کو واضح انداز میں پیش کر رہا ہے۔