کراچی میں سینئر اداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتہ پرانی لاش فلیٹ سے برآمد

انٹرٹینمنٹ - 20 جون 2025
شوبز انڈسٹری سے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں گلشنِ اقبال کے ایک فلیٹ سے پاکستان ٹیلی وژن کی سینئر اداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتہ پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ اپنے گھر میں اکیلی رہ رہی تھیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق، فلیٹ سے مسلسل بدبو آنے کے بعد انہوں نے رشتہ داروں کو اطلاع دی، جس کے بعد دروازہ کھولنے پر اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی معائنے کے بعد اسے ایدھی سرد خانے، سہراب گوٹھ منتقل کر دیا گیا ہے۔
اداکارہ کی قریبی دوست تہمینہ خالد نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ عائشہ خان کا انتقال تقریباً پانچ روز قبل ہوا تھا۔|
77 سالہ عائشہ خان ماضی کی معروف اداکارہ تھیں جنہوں نے افشاں، عروسہ، فیملی 93، مہندی سمیت کئی مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اسکرین سے دور تھیں اور خاموشی سے زندگی گزار رہی تھیں۔
عائشہ خان پاکستان کی نامور اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن بھی تھیں۔ ان کا انتقال شوبز انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
اداکارہ کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی حتمی رائے دی جا سکے گی۔