ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی

پاکستان - 20 جون 2025
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ جہاں ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے زیر استعمال گاڑی برآمد کر لی گئی ہے، تاہم اس کا موبائل فون تاحال دستیاب نہیں ہو سکا۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم انتہائی چالاکی سے تفتیش میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور جان بوجھ کر موبائل فون کی برآمدگی میں تعاون نہیں کر رہا، لہٰذا تفتیش مکمل کرنے کے لیے 7 روز کا مزید ریمانڈ درکار ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد استغاثہ کی جانب سے مانگا گیا 7 روزہ ریمانڈ منظور کرنے کے بجائے 3 دن کی توسیع کی اور پولیس کو ملزم کو دوبارہ 23 جون کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سمبل میں درج کیا گیا تھا۔ کیس کی تفتیش جاری ہے اور پولیس نے ملزم عمر حیات کو چند روز قبل حراست میں لیا تھا۔