سندھ حکومت عبد الستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنانے جا رہی ہے، شرجیل انعام میمن کا اعلان

news-banner

تازہ ترین - 20 جون 2025

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت فلم ساز ستیش آنند کے اشتراک سے عبد الستار ایدھی پر فلم بنا رہی ہے تاکہ نئی نسل کو اس عظیم شخصیت کی خدمات سے روشناس کرایا جا سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ عبد الستار ایدھی کا نام پاکستان کے ہر فرد کے دل میں بسا ہوا ہے، لیکن وقت کے ساتھ نئی نسل ان کے کام اور قربانیوں سے دور ہوتی جا رہی ہے، اس لیے ان کی زندگی پر فلم بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

 

شرجیل میمن نے فلم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت فلموں کے ذریعے اپنا بیانیہ پوری دنیا تک پہنچاتا ہے، یہاں تک کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وہاں ایک سو سے زائد فلمیں بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس کے برعکس پاکستان میں سینما اور فلم کو وہ مقام نہیں دیا جا رہا جو اسے ملنا چاہیے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سرزمین کہانیوں سے مالا مال ہے۔ ہمارے پاس لاتعداد قومی ہیروز اور عوامی خدمت گزار موجود ہیں جن کی زندگیوں پر فلمیں بنائی جانی چاہئیں۔

 

اگرچہ صوبائی وزیر نے عبد الستار ایدھی پر بننے والی فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم انہوں نے اس اقدام کو نئی نسل کے لیے ایک معلوماتی اور ترغیبی ذریعہ قرار دیا۔

 

یاد رہے کہ عبد الستار ایدھی 8 جولائی 2016 کو 88 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔