ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پر مکمل توجہ ہے، ارشد ندیم

کھیل - 24 جون 2025
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھروور ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ان کی ساری توجہ اس وقت ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پر مرکوز ہے، جس کے لیے وہ بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
ارشد ندیم نے لاہور میں منعقدہ اولمپک ڈے کی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کھیلوں سے متعلق آگاہی بڑھانے کے اقدام کو سراہا اور کہا پہلی بار اولمپک گولڈ میڈلسٹ بن کر اولمپک ڈے منا رہا ہوں، یہ میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔ ایتھلیٹس کو چاہیے کہ اس دن کی اہمیت کو سمجھیں اور اسے جوش و جذبے کے ساتھ منائیں۔
ارشد ندیم نے بتایا کہ اس وقت ان کی مکمل توجہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پر ہے، جس کی تیاری کے لیے وہ جلد انگلینڈ روانہ ہوں گے جہاں وہ ایک ماہ کی ٹریننگ مکمل کریں گے۔
ارشد ندیم نے نوجوان کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں ایک چھوٹے علاقے سے آیا، لیکن سخت محنت اور فوکس کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ آپ بھی محنت کریں، حوصلہ رکھیں، کچھ بھی ممکن ہے۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں 92.97 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا، جسے عالمی شہرت یافتہ میگزین فوربز نے "اسٹننگ شو" قرار دیا۔
ارشد ندیم کو ان کی غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں فوربز ایشیا کی 30 انڈر 30 فہرست میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔
یہ گولڈ میڈل اولمپک انفرادی اسپورٹس میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا، اور 30 سال سے زائد عرصے میں کسی بھی اولمپک ایونٹ میں پہلا طلائی تمغہ تھا۔