خواتین کی مالی شمولیت : اے ڈی بی کا پاکستان کو 35 کروڑ ڈالر دینے کا فیصلہ

پاکستان - 25 جون 2025
ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومتِ پاکستان کے درمیان خواتین کی مالیاتی شعبے میں شمولیت کو فروغ دینے کے لیے 35 کروڑ ڈالر کے فنڈز کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ یہ اقدام ویمن انکلوسیو فنانس سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام" کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد کاروباری خواتین کو مالی معاونت فراہم کرنا اور ملک میں خواتین کی معاشی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق معاہدے کے تحت 30 کروڑ ڈالر پالیسی بیسڈ قرض کی صورت میں جبکہ 5 کروڑ ڈالر انٹرمیڈیٹری قرض کی شکل میں فراہم کیے جائیں گے۔
اس معاہدے پر پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری سبینہ قریشی جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پروجیکٹ ہیڈ دنیش راج شیوکوٹی نے دستخط کیے۔
ڈان نیوز کے مطابق یہ منصوبہ نومبر 2023 میں سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے، جبکہ اس کی حتمی منظوری اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی سے لی جانا باقی ہے۔
31.41 ارب روپے لاگت کے اس منصوبے کے تحت خواتین کو کاروبار، روزگار اور مالی سہولیات تک بہتر رسائی دی جائے گی۔ وزارت خزانہ کو اس پروگرام کے لیے ایگزیکیوٹنگ ایجنسی نامزد کیا گیا ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان عمل درآمد کا ذمے دار ادارہ ہوگا، جو ایک علیحدہ پراجیکٹ امپلیمینٹیشن یونٹ قائم کرے گا۔
منصوبے کی مانیٹرنگ کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کی سربراہی اسٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کریں گے، جبکہ دیگر متعلقہ ادارے اور اسٹیک ہولڈرز بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے خواتین کی مالی خودمختاری میں اضافہ ہوگا اور انہیں معیشت کا فعال حصہ بنانے میں مدد ملے گی۔