ثنا یوسف کے قتل کے ملزم عمر حیات نے عدالت میں جرم قبول کر لیا

پاکستان - 25 جون 2025
سترہ سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کے قتل کے الزام میں گرفتار نوجوان عمر حیات نے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ عدالت میں دیے گئے بیان میں ملزم نے تسلیم کیا کہ اس کا یہ اقدام غصے اور انتقام کے زیرِ اثر تھا، جو اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ثنا نے ملاقات سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، 22 سالہ عمر حیات کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ سعد نذیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے دفعہ 164 سی آر پی سی کے تحت اپنا اعترافی بیان ریکارڈ کرایا۔
بیان میں عمر نے بتایا کہ وہ ثنا سے ملاقات کا خواہش مند تھا، مگر اس کی بار بار انکار پر وہ مشتعل ہو گیا۔ ملزم کے مطابق وہ ایک بار ثنا کے گھر تحفہ لے کر گیا اور سارا دن باہر انتظار کرتا رہا، لیکن ثنا نے ملنے سے انکار کرتے ہوئے واپس جانے کو کہا۔
اس کے بعد، 2 جون کو ثنا نے دوبارہ ملاقات کی حامی بھری، لیکن بات چیت نہ ہونے پر عمر حیات کا کہنا ہے کہ وہ سخت غصے میں آ گیا۔ اس نے بتایا کہ وہ غصے کے عالم میں ثنا کے گھر میں داخل ہوا اور فائرنگ کر دی، جس سے ثنا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
یہ افسوسناک واقعہ 2 جون کی شام پیش آیا تھا، جس میں دو گولیاں سینے میں لگنے کے باعث ثنا یوسف جانبر نہ ہو سکیں۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں مداحوں اور صارفین کی بڑی تعداد نے دکھ، افسوس اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔