غزہ سے اظہار ہکجہتی: عثمان خواجہ کا آسٹریلوی ریڈیو کو انٹرویو دینے سے انکار

کھیل - 26 جون 2025
آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے فلسطینی عوام کے حق میں ایک اور مضبوط قدم اٹھاتے ہوئے غزہ کے معاملے پر آواز بلند کرنے والے صحافی کی حمایت میں آسٹریلوی ریڈیو چینل کو انٹرویو دینے سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عثمان خواجہ نے اس ادارے کا انٹرویو دینے سے انکار کیا جس نے صحافی پیٹر لالر کو غزہ کے حق میں سوشل میڈیا پر مؤقف اختیار کرنے پر نوکری سے نکال دیا تھا۔ عثمان خواجہ نے انٹرویو کے دوران چینل کا مائیک دیکھتے ہی صاف انکار کر دیا اور موجود صحافیوں سے مؤدبانہ معذرت بھی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ کے اس اقدام کے باوجود کرکٹ آسٹریلیا ان پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ معروف کرکٹ جرنلسٹ پیٹر لالر نے فروری میں غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں سوشل میڈیا پر بیان دیا تھا، جس کے بعد انہیں ادارے نے ملازمت سے برطرف کر دیا تھا۔ عثمان خواجہ نے اُس وقت بھی پیٹر لالر کی حمایت کرتے ہوئے برطرفی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
پیٹر لالر نے عثمان خواجہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواجہ ایک اصول پسند شخصیت ہیں، اور مشکل وقت میں اُن کی حمایت میرے لیے انتہائی قیمتی رہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی خواجہ کے مسلسل ساتھ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز عثمان خواجہ کا آسٹریلوی ریڈیو کے ساتھ پوسٹ میچ انٹرویو طے تھا، جو انہوں نے اصولی مؤقف کے تحت منسوخ کر دیا۔