وفاقی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جل تھل کا منظر دیکھنے کو ملا۔ تاہم، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمز کی بھرپور کارروائیوں کے باعث شہری معمولات زندگی متاثر ہونے سے بچ گئے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ سینیٹیشن ٹیمز کی جانب سے نکاسی آب کا عمل مسلسل جاری رہا، جبکہ نالوں اور نشیبی علاقوں میں صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
بارش کے باعث بعض شاہراہوں پر درخت گرنے کے واقعات پیش آئے، تاہم ریسکیو ٹیمز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرے ہوئے درختوں کو ہٹا دیا، جس کے بعد ٹریفک کی روانی متاثر ہوئے بغیر بحال رہی۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے دوران بارش شہر کے مختلف انڈر پاسز کے دورے کیے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق کسی بھی انڈر پاس میں پانی کھڑا ہونے کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بارش کے دوران مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔