ڈاکٹر عمیر ہارون انٹرنیشنل ایمی اکیڈمی کے رکن منتخب، پاکستان کی عالمی ٹی وی انڈسٹری کی نمائندگی

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 01 اکتوبر 2025

پاکستان کے معروف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون کو انٹرنیشنل اکیڈمی آف ٹیلی ویژن آرٹس اینڈ سائنسز (IATAS) کی رکنیت مل گئی ہے، جو باوقار انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کی منتظم تنظیم ہے۔ اس وقت وہ اکیڈمی میں شامل ہونے والے واحد پاکستانی ہیں، جسے پاکستان کی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی عالمی موجودگی کا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر ہارون اب تک 200 سے زائد دستاویزی فلمیں اور ٹی وی پراجیکٹس تخلیق کر چکے ہیں۔ پاکستان میں سائنسی اور تحقیقاتی پروگرامنگ کے بانی تصور کیے جانے والے ہارون ملک کی پہلی فرانزک سائنس سیریز لانچ کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ میڈیا کو تعلیم، انصاف اور عوامی خدمت کے لیے استعمال کرنا ہمیشہ ان کا بنیادی مقصد رہا ہے۔

 

اپنے انتخاب پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر ہارون نے کہا کہ یہ اعزاز ان کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے کہ میڈیا کو معاشرتی تبدیلی اور ثقافتی تحفظ کے لیے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے پاکستانی تخلیقی کمیونٹی کی نمائندگی پر فخر کا اظہار کیا، جو ان کے مطابق "عالمی اسکرین پر حقیقت پسندی اور گہرائی لاتی ہے۔"

 

ادھر IATAS نے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کے لیے نئی نامزدگیاں جاری کی ہیں، جن میں 26 ممالک سے 64 امیدوار 16 مختلف کیٹیگریز میں مقابلہ کریں گے۔ اداکاری کے شعبے میں بھارت کے دلجیت دوسانجھ، برطانیہ کے ڈیوڈ مچل، اسپین کے اوریول پلا اور کولمبیا کے ڈیاگو واسکیز شامل ہیں۔

 

 بہترین اداکارہ کی فہرست میں جنوبی افریقا کی شارلٹ ہوپ، برطانیہ کی اینا میکسویل مارٹن، میکسیکو کی کیرولینا میرانڈا اور سویڈن کی ماریا سڈ شامل ہیں۔

 

ڈرامہ کیٹیگری میں میکسیکو کی Las Azules، اسرائیل کی Bad Boy، جنوبی افریقا کی Koek اور برطانیہ کی Rivals آمنے سامنے ہوں گی۔ 

 

کامیڈی کیٹیگری میں جنوبی کوریا، فرانس، برطانیہ اور میکسیکو کے پراجیکٹس شامل ہیں، جب کہ دستاویزی فلموں اور حالات حاضرہ کی نامزدگیوں میں برازیل، سنگاپور، برطانیہ اور فرانس کی نمایاں کوریج شامل ہے۔

 

تمام نامزد امیدوار 21 سے 23 نومبر تک نیویارک میں انٹرنیشنل ایمی ورلڈ ٹیلی ویژن فیسٹیول میں شریک ہوں گے، جس کا اختتام 24 نومبر کو 53ویں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز گالا پر ہو گا۔ یہ ایونٹ سرحدوں سے ماورا تخلیقی صلاحیتوں اور عالمی نمائندگی کا جشن ہوگا۔