ربیکا خان اور حسین ترین رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے

انٹرٹینمنٹ - 26 جون 2025
پاکستانی سوشل میڈیا اسٹارز ربیکا خان اور حسین ترین نے 25 جون کو نکاح کے بندھن میں بندھ کر اپنی محبت کو باقاعدہ ازدواجی رشتے میں تبدیل کر لیا۔ لاہور میں منعقد ہونے والی یہ تقریب نہایت شاندار اور فلمی انداز لیے ہوئے تھی، جس میں دونوں نے زندگی بھر ساتھ نبھانے کا عہد کیا۔
ربیکا خان، جو کہ معروف کامیڈین کاشف خان کی بیٹی ہیں، سوشل میڈیا خاص طور پر ٹک ٹاک کے ذریعے اپنی ایک منفرد شناخت بنانے میں کامیاب رہیں۔ اگرچہ انہیں متعدد بار شدید تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور "کرنج گرل" کہلانے کو بھی خوش دلی سے قبول کیا۔ ان کے اس سفر میں حسین ترین مستقل ساتھی رہے، جن کے ساتھ ان کی دوستی آہستہ آہستہ محبت میں بدل گئی۔
گزشتہ سال مئی میں ان دونوں کی منگنی کی تقریبات—ڈھولکی، مایوں اور مہندی سمیت—کسی مکمل شادی سے کم نہ تھیں۔ تاہم، اُس وقت بات نکاح تک نہ پہنچ سکی۔ اس بار، ایک سال بعد، دونوں نے دوبارہ نکاح کی تیاریوں کا آغاز فوٹو شوٹ سے کیا، جس میں نکاح کی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔
ربیکا کی ڈھولکی، ہلدی اور مایوں ایک ہی شام میں منعقد ہوئیں، جب کہ قوالی نائٹ اور مہندی کی تقریبات نے فینز کی توجہ حاصل کی۔ بالآخر، 25 جون کو ان کا نکاح معروف میک اپ آرٹسٹ کاشیز کے سیٹ پر ہوا، جو ایک شاندار فلمی سیٹ کی مانند سجا ہوا تھا۔
دلہن ربیکا خان نے ماہا وجاہت کا خوبصورت سرخ عروسی لباس زیب تن کیا، حورم نور سیلون سے میک اپ کروایا، اور کاشیز کی جیولری سے برائیڈل لک مکمل کیا۔ انہوں نے شیشے اور سیکوئنس سے بنی چادر کے ساتھ منفرد انداز میں برائیڈل انٹری دی۔
دولہا حسین ترین آف وائٹ شیروانی، کُرتا ٹراؤزر اور مہاراجہ اسٹائل چادر میں ملبوس نظر آئے۔ ان کی انٹری خاص طور پر توجہ کا مرکز بنی جب وہ دلہن کے پاس جھیل میں کشتی کے ذریعے پہنچے، جس کے ساتھ ہی آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ نکاح کے بعد حسین ترین ربیکا کو گلے لگاتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور آنکھیں نم کر بیٹھے۔
یہ تقریب نہ صرف ربیکا اور حسین کے لیے ایک نئی شروعات تھی، بلکہ ان کے لاکھوں مداحوں کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ بن گئی، جو طویل انتظار کے بعد اس جوڑی کو رشتۂ ازدواج میں بندھا دیکھنے کے متمنی تھے۔