راولپنڈی میں پولیس آپریشن: تین دہشتگرد ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار

news-banner

پاکستان - 08 اکتوبر 2025

راولپنڈی کے صدر واہ تھانے کے قریب پولیس کے آپریشن کے دوران تین دہشتگرد ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

 

پولیس ترجمان کے مطابق پشاور اور راولپنڈی پولیس ٹیموں پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی، جس پر پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

 

ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خطرناک افغان دہشتگرد بھی شامل ہے، جو دہشتگردی سمیت کئی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔

 

سی پی او سید خالد حمدانی نے بہادر پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ملزمان کی فائرنگ کے باوجود جرات و بہادری سے فرض ادا کیا، اور جو لوگ شہریوں یا پولیس پر حملہ کرتے ہیں، وہ قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے۔

 

پولیس نے ہلاک افغان دہشتگرد سے جعلی پاکستانی شہریت کے کاغذات برآمد کر لیے ہیں۔ زخمی دہشتگرد اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

ہلاک دہشتگردوں کی شناخت آدم خان، مجاہد اور محمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی گرفتار دہشتگرد کا نام نور رحمت بتایا گیا ہے۔

 

پولیس نے علاقے میں ناکے اور سرچ آپریشن مزید سخت کر دیے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔