پی ٹی آئی کے لیے حکومتیں معنی نہیں رکھتیں، گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلے تو ٹیڑھی کرنا ہوگی، جنید اکبر

news-banner

پاکستان - 14 اکتوبر 2025

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے لیے حکومتیں مقصد نہیں بلکہ اصول اور عوامی حق اہم ہیں۔ اگر انصاف سیدھے طریقے سے نہ ملے تو غیر روایتی راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔

 

نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی حلف برداری کے معاملے پر ہائی کورٹ میں سماعت سے قبل پی ٹی آئی رہنما عدالت پہنچے، جن میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، وکیل سلمان اکرم راجا، اسد قیصر، اور دیگر رہنما شامل تھے۔

 

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ عدالت میں ہر آئینی و قانونی پہلو کو واضح طور پر پیش کیا جائے گا۔


سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفتگو میں امید ظاہر کی کہ عدالت وزیراعلیٰ کے حلف کے لیے احکامات جاری کرے گی، کیونکہ 90 ووٹ حاصل کرنے کے بعد ان کے انتخاب میں کوئی قانونی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔

 

پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ "ہمیں امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا، یہ ہمارا آئینی حق ہے۔ پی ٹی آئی کے لیے حکومتیں اہم نہیں، لیکن اگر سیدھا راستہ بند کیا گیا تو ہم ٹیڑھی انگلی سے بھی گھی نکالنا جانتے ہیں۔"

 

انہوں نے مزید کہا کہ “یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے، نہ کہ کسی ادارے یا افسر نے۔ اگر کل کو کوئی افسر یہ کہے کہ ہمیں فلاں نمائندہ قبول نہیں، تو یہ نظام کے لیے خطرناک بات ہوگی۔”

 

اسد قیصر نے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب مکمل طور پر آئینی اور قانونی طریقے سے ہوا ہے۔ “ہم عدالت سے اپنے قانونی حق کے تحفظ کی توقع رکھتے ہیں، امید ہے وزیراعلیٰ آج حلف اٹھائیں گے۔”

 

انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ سیاسی تنازعات چھوڑ کر صوبے کے امن و امان اور عوامی مسائل پر توجہ دی جائے۔