اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کا علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم

news-banner

پاکستان - 14 اکتوبر 2025

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے کل 15 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق، یہ احکامات تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جاری کیے۔

 

کیس میں آج علیمہ خان پر فردِ جرم عائد کی جانی تھی، تاہم وہ عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔ عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونا عدالتی کارروائی میں رکاوٹ کے مترادف ہے۔

 

عدالت نے تفتیشی افسر کو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے آرڈرز فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق، پولیس ٹیم وارنٹ کے ہمراہ اڈیالہ جیل جائے گی، جہاں علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے سلسلے میں موجود ہوں گی۔ بتایا گیا ہے کہ سماعت کے اختتام پر ان کی گرفتاری یا وارنٹ کی تعمیل عمل میں لائی جائے گی۔