پاکستان - 14 اکتوبر 2025
ہنگری کے مصنف لاسلو کراسناہورکائی کو 2025 کا نوبل انعام برائے ادب مل گیا

دنیا - 10 اکتوبر 2025
ہنگری کے معروف ادیب لاسلو کراسناہورکائی نے 2025 کا نوبل انعام برائے ادب اپنے نام کر لیا ہے۔ سویڈش اکیڈمی کے مطابق یہ اعزاز انہیں "ان کی ایسی تخلیقات کے اعتراف میں دیا گیا ہے جو قیامت خیز دہشت کے عالم میں بھی فن کی طاقت پر یقین کو برقرار رکھتی ہیں۔"
اکیڈمی نے کراسناہورکائی کو وسطی یورپی روایت کا ایک عظیم رزمیہ مصنف قرار دیا، جن کی ادبی روایت کافکا سے شروع ہو کر تھامس برن ہارڈ تک پہنچتی ہے، اور جن کے کام میں absurdism اور فکری گہرائی نمایاں ہے۔
71 سالہ مصنف 2002 میں ایمرے کیرتیس کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے ہنگری کے ادیب ہیں۔ انعام کی رقم 11 ملین سویڈش کراؤن (تقریباً 1.2 ملین ڈالر) ہے۔
کراسناہورکائی کے ناول وسطی یورپ کے زوال، کمیونزم کے خاتمے، اور چین و جاپان کے تجربات سے گہرے طور پر متاثر ہیں۔ امریکی نقاد سوسن سونٹاگ نے ان کے مشہور ناول The Melancholy of Resistance پڑھنے کے بعد انہیں "ادب کا قیامت کا ماہر" (Master of the Apocalypse) کہا تھا۔
ان کا پہلا ناول Satantango (1985) ایک تباہ حال گاؤں کے باسیوں کی کہانی ہے جو ایک معجزے کے منتظر ہیں۔ یہ ناول بعد میں مشہور فلم ساز بیلا تار نے سات گھنٹے کی فلم میں ڈھالا۔
کراسناہورکائی ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کے سخت ناقد ہیں اور ان کی یوکرین پالیسی کو "نفسیاتی کیس" قرار دے چکے ہیں، تاہم اوربان نے انعام جیتنے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ "قوم کے لیے فخر کا باعث بنے ہیں۔"
کراسناہورکائی 1987 سے مغربی برلن میں مقیم ہیں اور اپنی زندگی کو "مسلسل اصلاح کا عمل" قرار دیتے ہیں۔