بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی ہرنیا کی سرجری کامیاب

کھیل - 27 جون 2025
بھارتی ٹی20 ٹیم کے کپتان اور مڈل آرڈر بیٹر سوریا کمار یادیو نے ہرنیا کا کامیاب آپریشن کروایا ہے اور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 34 سالہ سوریا کمار نے جرمنی میں ہرنیا کی سرجری کرائی۔ اس سے قبل وہ علاج کی غرض سے برطانیہ گئے تھے، جہاں ڈاکٹرز نے انہیں سرجری کا مشورہ دیا تھا۔
سوریا کمار نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنے آپریشن کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا ہرنیا کی سرجری کروالی ہے، خوشی ہے کہ آپریشن کامیاب رہا، اور اب صحت یابی کی جانب بڑھ رہا ہوں، جلد واپسی کا منتظر ہوں۔
سوریا کمار یادیو نے حالیہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 717 رنز بنا کر نہ صرف سیزن کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا بلکہ آئی پی ایل تاریخ میں مڈل آرڈر بیٹر کی حیثیت سے ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔
بین الاقوامی سطح پر سوریا کمار نے بھارت کی جانب سے 83 ٹی20 میچز میں 167.1 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2,598 رنز بنائے، جن میں 4 سنچریاں اور 51 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے 37 ون ڈے میچز میں 773 رنز بنائے جبکہ ایک ٹیسٹ میچ میں بھی بھارت کی نمائندگی کی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ تین سالوں میں ان کی تیسری بڑی سرجری ہے۔ اس سے قبل وہ 2023 میں ٹخنے اور 2024 میں بھی ہرنیا کی سرجری کروا چکے ہیں۔