ملک بھر میں مون سون بارشیں: حادثات میں 6 افراد جاں بحق

پاکستان - 27 جون 2025
ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ شدید بارشوں سے شہری زندگی متاثر، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے دوران افسوسناک واقعات پیش آئے۔ ضلع قصور کی تحصیل چونیاں میں مکان کی چھت گرنے سے 2 کمسن بچیاں جاں بحق ہو گئیں، جبکہ بہاولنگر میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 4 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔
لاہور میں موسلا دھار بارش سے نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ کر گئے اور بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی عمارت میں دو سال بعد ہی بارش کے دوران پانی ٹپکنے لگا۔
خیبرپختونخوا کے مردان، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ جنوبی وزیرستان میں طوفانی بارش کے باعث جامع مسجد کی چھت گر گئی جبکہ کئی گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔
ادھر کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج سے 29 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید موسلا دھار بارشوں، ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، سجاول، جامشورو، نوابشاہ اور لاڑکانہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ جبکہ اسلام آباد، فیصل آباد، سرگودھا اور میانوالی میں بھی تیز ہواؤں اور شدید بارش کا امکان ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، خصوصاً سوات، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، نیلم ویلی، راولا کوٹ، حویلی اور ہٹیاں بالا میں بھی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں رہنے والے حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی حکام سے رابطہ کریں۔