پاکستان - 14 اکتوبر 2025
جے یو آئی نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے انتخاب کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا

پاکستان - 14 اکتوبر 2025
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے انتخاب کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
درخواست جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر لطف الرحمن کی جانب سے بیرسٹر یاسین رضا کے توسط سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چونکہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ تاحال منظور نہیں ہوا، اس لیے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا نے علی امین گنڈاپور کو 15 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے تاکہ استعفیٰ کی تصدیق کی جا سکے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں لطف الرحمن نے کہا کہ موجودہ انتخاب قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کرایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "جب گورنر نے تصدیق کے لیے بلایا ہے تو استعفیٰ منظور نہیں ہوا، ایسے میں نیا وزیراعلیٰ کیسے منتخب ہو سکتا ہے؟"
انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر کے کہنے پر کاغذات نامزدگی تو جمع کرائے گئے لیکن اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا، کیونکہ گورنر کا خط موصول ہونے کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ استعفیٰ ابھی تک مؤثر نہیں ہوا۔