سعودی عرب کا وزٹ ویزوں میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان: نیا قانون نافذ

news-banner

دنیا - 27 جون 2025

سعودی حکومت نے وزٹ ویزے پر مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے وزٹ ویزوں میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ نیا قانون 27 جون 2025 سے نافذالعمل ہو چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام غیرملکی افراد جن کے وزٹ ویزوں کی مدت ختم ہو چکی ہے، اب ’ابشر‘ پلیٹ فارم پر موجود ’تواسل‘ سروس کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ فیس اور مقررہ جرمانہ ادا کرنے کے بعد ان کے ویزوں میں ایک ماہ کی توسیع کر دی جائے گی۔

سعودی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایسے افراد کو قانونی مشکلات، بھاری جرمانوں اور ممکنہ سزا سے بچانا ہے، جو مدت ختم ہونے کے باوجود سعودی عرب میں موجود ہیں۔

ویزے کی توسیع حاصل کرنے کے بعد یہ افراد بغیر کسی اضافی قانونی کارروائی کے اپنے وطن واپس جا سکیں گے۔