ہانیہ عامر کی سالانہ آمدنی 50 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

پاکستان - 27 جون 2025
پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نہ صرف اپنی اداکاری اور دلکش انداز کی وجہ سے مشہور ہیں بلکہ اب وہ مالی کامیابی کے حوالے سے بھی خبروں میں ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق، ہانیہ عامر حال ہی میں دلجیت دوسانجھ کے ساتھ فلم سردار جی 3 کے ٹریلر میں جلوہ گر ہوئیں، جس کے بعد وہ بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ بالی ووڈ لائف نے ہانیہ عامر کی زندگی کے طرز، مقبولیت اور آمدنی پر مبنی تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کی سالانہ آمدنی تقریباً 50 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہانیہ عامر پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان میں بے حد مقبول ہیں۔ ان کے پاس آڈی سمیت کئی مہنگی گاڑیاں، شاندار رہائش اور قیمتی ملبوسات موجود ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وہ ہر ڈرامہ قسط کے لیے تقریباً 4 لاکھ روپے معاوضہ لیتی ہیں، جب کہ ان کی آمدنی کا بڑا حصہ برانڈز، اشتہارات اور سوشل میڈیا پارٹنرشپس سے حاصل ہوتا ہے۔ البتہ فلم سردار جی 3 میں ان کے معاوضے کی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی۔
ہانیہ عامر کا شمار اب جنوبی ایشیا کی ابھرتی ہوئی صفِ اول کی فنکاراؤں میں کیا جا رہا ہے۔