سوات اور دیر میں طوفانی بارشوں سے تباہی: دریا میں طغیانی، سیاح بہہ گئے، ریسکیو آپریشن جاری

پاکستان - 27 جون 2025
سوات اور دیر کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے روز دو سے اڑھائی گھنٹوں کی مسلسل طوفانی بارش اور ممکنہ کلاؤڈ برسٹ کے باعث سوات اور پنجکوڑہ دریاؤں میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد سیاح پھنس گئے جبکہ 10 سے زائد افراد بہہ گئے۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق اچانک ہونے والی موسلا دھار بارش نے دریا کے بہاؤ کو خطرناک سطح تک بڑھا دیا، جس سے نشیبی علاقے شدید خطرے کی زد میں آ گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 2 سیاحوں کی لاشیں منیار کے علاقے سے نکالی جا چکی ہیں، جبکہ فضاگٹ کے قریب خواتین اور بچے تیز بہاؤ کے باعث پھنسے ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق، پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے اور دریا کے کناروں پر موجود افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امدادی کارروائیوں کے لیے کشتیوں اور دیگر سامان کے ساتھ ریسکیو ٹیمیں متحرک ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو دریا کے کنارے جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
دیر کے علاقے تیمرگرہ کے قریب پنجکوڑہ دریا میں بھی اچانک پانی کی سطح بلند ہونے سے دو خواتین اور دو بچے پھنس گئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت نکال لیا۔ مہمند کے علاقے ماندہ میں بھی ایک شخص برساتی نالے میں پھنس گیا، جسے رسیوں اور کشتی کے ذریعے نکالا گیا۔
ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی سے بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ تمام متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد دے دی گئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مون سون کے دوران دریاؤں اور نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔