جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی وینس میں شاندار شادی کی تقریبات، مقامی سطح پر تنقید کا سامنا

دنیا - 28 جون 2025
یہ تقریب دنیا بھر سے مشہور شخصیات کو اکٹھا کر رہی ہے جن میں کم اور کلوی کارڈیشین، اوپرا ونفرے، اردن کی ملکہ رانیہ، فٹبالر ٹام بریڈی، گلوکار اُشر، فیشن ڈیزائنر اسپینسر اینٹل اور ایوانکا ٹرمپ شامل ہیں۔
اگرچہ وینس میں وی آئی پی تقریبات کوئی نئی بات نہیں، لیکن جیف بیزوس کی تقریب کو مختلف انداز سے دیکھا جا رہا ہے۔
ماحولیاتی کارکنان اور مقامی افراد نے تقریب کی شان و شوکت اور ماحول پر اس کے منفی اثرات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکام صرف دولت مندوں کو خوش کرنے پر لگے ہوئے ہیں جبکہ وینس کی تاریخی خوبصورتی سیاحوں کے بوجھ تلے دب رہی ہے۔
تنقید کے باوجود، بیزوس اور سانچیز نے وینس کی ثقافت سے جڑنے کی کوشش کی ہے۔ وینیٹو ریجن کے صدر کے مطابق، وہ شہر کو 30 لاکھ یورو (تقریباً 3.5 ملین ڈالر) کا عطیہ دے رہے ہیں اور تقریب کے لیے مقامی ہنر مند کاریگروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
وینس کی قدیم ترین بیکری روزا سالوا مہمانوں کے لیے 19ویں صدی کے طرز کے "فشرمین بسکٹس" تیار کر رہی ہے، جبکہ تحفے کے بیگز میں مورانو گلاس سے بنی اشیاء بھی شامل ہوں گی۔
تقریب کے لیے آئے نجی طیارے اور میگا یاٹس نے ماحولیاتی خطرات میں اضافہ کیا ہے۔ ماحولیاتی کارکنان کا کہنا ہے کہ ایسے تقاریب شہر کے ماحول کو نقصان پہنچاتی ہیں اور عام شہریوں کے لیے مشکلات بڑھاتی ہیں۔
ایک مقامی احتجاجی مظاہرے میں ایک کارکن نے کہا:
"وینس ارب پتیوں کا ذاتی کھیل کا میدان نہیں ہے!"
توقع ہے کہ شادی کی اختتامی تقریب ہفتے کے روز تاریخی آرسینال میں منعقد ہوگی، جو کبھی وینس کی بحری طاقت کی علامت ہوا کرتا تھا۔
جہاں کچھ مقامی افراد کا ماننا ہے کہ اس تقریب سے کاروبار کو فائدہ ہوگا، وہیں ایک بڑا طبقہ اسے ثقافتی ورثے کی تجارتی فروخت قرار دے رہا ہے۔