بھارت پاکستان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا، پالیسیوں پر نظرثانی کرے، اسحاق ڈار

پاکستان - 30 جون 2025
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر اپنی مرضی تھوپنے کی کوشش نہ کرے اور اپنی پالیسیوں پر سنجیدگی سے نظرثانی کرے۔
انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے یومِ تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جارحیت کی، جس کا پاکستان نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے پر بھارت نے ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا، مگر حقائق سے پردہ اٹھ چکا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ بھارت نہ تو سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ طور پر معطل کر سکتا ہے اور نہ ہی پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر ایک تسلیم شدہ عالمی تنازع ہے اور اس کا پرامن حل ہی خطے میں امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جبکہ پاکستان پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر کاربند ہے۔
مزید برآں، نائب وزیراعظم نے ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایران کے قانونی مؤقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے جوہری مسئلے کا حل بات چیت سے نکالا جائے، اور غزہ میں جاری انسانیت سوز مظالم پر بھی پاکستان کو گہری تشویش ہے۔