حکومت کا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے مقدمے میں امریکی عدالت کی معاونت سے انکار

news-banner

پاکستان - 30 جون 2025

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس میں امریکی عدالت میں فریق بننے یا عدالتی معاونت فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
 

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جس کی صدارت جسٹس سردار اعجاز نے کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
 

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ امریکہ میں جاری اس کیس میں فریق نہیں بنے گی۔ جس پر جسٹس سردار اعجاز نے استفسار کیا کہ یہ فیصلہ کس بنیاد پر کیا گیا؟ وجوہات کیا ہیں؟
 

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ یہ حکومت کا فیصلہ ہے۔ جس پر جسٹس سردار اعجاز نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یا اٹارنی جنرل جب کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو اس کی وجوہات بھی بتائی جاتی ہیں۔ یہ ایک آئینی عدالت ہے، یہاں بغیر وجوہات کے کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں۔
 

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت، جو 4 جولائی کو مقرر ہے، پر حکومت کے فیصلے کی وجوہات عدالت کے سامنے پیش کریں۔