اظہر محمود قومی ٹیسٹ ٹیم کے عبوری کوچ مقرر، کنٹریکٹ میں توسیع کا امکان

کھیل - 30 جون 2025
لاہور: سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو دو ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی قومی ٹیسٹ ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اپنی موجودہ مدتِ معاہدہ کے اختتام تک اس ذمہ داری کو نبھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق، اظہر محمود فی الحال اپنی موجودہ کنٹریکٹ کی مدت تک کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے، تاہم اگر ان کی کوچنگ کے دوران ٹیم کی کارکردگی متاثرکن رہی تو ان کے کنٹریکٹ میں توسیع کا امکان موجود ہے۔
اظہر محمود ماضی میں قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ٹیم کی اسٹریٹجک منصوبہ بندی کا حصہ رہے ہیں۔ تاہم، مائیک ہیسن کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کے بعد وہ ٹیم منیجمنٹ کا حصہ نہیں تھے اور بنگلادیش کے خلاف حالیہ ہوم سیریز میں بھی شامل نہیں ہوئے تھے۔
ان کا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپریل 2026 تک معاہدہ موجود ہے، اور اس مدت کے دوران پاکستان کو دو ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہیں۔