ملک بھر میں خشک موسم برقرار، پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ میں اضافہ متوقع

news-banner

تازہ ترین - 03 نومبر 2025

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں صبح و رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

 

مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کو سانس اور آنکھوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی و پہاڑی علاقوں میں سرد رہا، جبکہ پنجاب کے کئی اضلاع میں اسموگ کی شدت دیکھی گئی۔

 

آج سب سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 3، اسکردو میں منفی 1 اور زیارت میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک مگر صبح اور رات کے وقت سرد رہنے کا امکان ہے۔

 

پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں ہلکی دھند یا اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

 

خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع جیسے چترال، دیر، باجوڑ اور کرم میں رات کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔