نیدرلینڈز میں غزہ کے شہید بچوں کی یاد میں ہزاروں جوتے رکھ کر منفرد احتجاج

news-banner

دنیا - 30 جون 2025

المیرے (نیدرلینڈز): غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف اور شہید بچوں کی یاد میں نیدرلینڈز کے شہر المیرے میں عوام نے ایک منفرد انداز میں احتجاج ریکارڈ کروایا، جہاں ہزاروں بچوں کے جوتے ٹاؤن اسکوائر پر رکھ کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا گیا۔

 

اس پُرامن احتجاج کا مقصد اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا اور غزہ کے بچوں کے حق میں یکجہتی کا اظہار تھا۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ معصوم جانوں کا قتل بند ہونا چاہیے اور دنیا کو اب خاموشی توڑنی ہوگی۔

 

یہ پہلا موقع نہیں، نیدرلینڈز میں گزشتہ سال بھی اسی طرح کا احتجاج ہوا تھا، جب روٹرڈیم کے مرکزی چوک پر ایک مقامی تنظیم نے 8 ہزار بچوں کے جوتے رکھ کر دنیا کی بے حسی کو بے نقاب کیا تھا۔

 

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں غزہ کے 50 ہزار سے زائد بچے شہید یا زخمی ہو چکے ہیں۔

 

واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 56 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ غزہ کو اس وقت شدید غذائی بحران کا سامنا ہے۔