بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

news-banner

کھیل - 30 جون 2025

فیروزپور: بھارتی پنجاب کے شہر فیروزپور میں ایک مقامی کرکٹ میچ کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ہرجیت سنگھ نامی بلے باز دل کا دورہ پڑنے سے میدان میں ہی جان کی بازی ہار گیا۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرجیت سنگھ ایک شاندار چھکا لگانے کے فوراً بعد اچانک زمین پر گر پڑتے ہیں۔ یہ واقعہ ڈی اے وی اسکول گراؤنڈ میں جاری ایک مقامی ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا۔

 

ویڈیو میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ چھکا مارنے کے بعد ہرجیت سنگھ دوسرے اینڈ پر کھڑے ساتھی بیٹر کے ساتھ خوشی منانے کے لیے بڑھتے ہیں، لیکن اچانک ان کی طبیعت بگڑتی ہے اور وہ گر جاتے ہیں۔

 

گرنے کے فوراً بعد ٹیم کے ساتھی کھلاڑی اور حریف ٹیم کے ارکان ان کی مدد کو دوڑتے ہیں، اور انہیں CPR دینے کی کوشش بھی کی جاتی ہے، تاہم وہ ہوش میں نہ آسکے۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہونے کی تصدیق کی۔

 

یاد رہے کہ اسی طرح کا ایک واقعہ 2024 میں پونے میں بھی پیش آیا تھا، جہاں 35 سالہ کرکٹر عمران پٹیل مقامی اسٹیڈیم میں میچ کے دوران سینے میں درد کی شکایت کے بعد گر پڑے تھے اور جانبر نہ ہو سکے تھے۔